10 اپریل، 2025، 10:35 AM

ایران میں ڈی بلاک 2025 کانفرنس، عالمی ماہرین کی شرکت متوقع

ایران میں ڈی بلاک 2025 کانفرنس، عالمی ماہرین کی شرکت متوقع

"برکس کا مستقبل بلاک چین کے ذریعے" کے موضوع پر تہران میں 15 تا 16 جون کو اہم بین الاقوامی کانفرنس ہوگی جس میں مالی رکاوٹوں کو دور کرنے اور ممالک کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دارالحکومت تہران میں 15 اور 16 جون 2025 کو "ڈی بلاک 2025 بین الاقوامی بلاک چین کانفرنس" کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں دنیا بھر سے ماہرین، اقتصادی تجزیہ کار اور سرکاری نمائندے شرکت کریں گے۔

اس اہم کانفرنس کا اہتمام ایران کی ایسوسی ایشن آف آئی ٹی کمپنیز، علامہ طباطبائی یونیورسٹی اور دیگر سرکاری اداروں کے تعاون سے کیا جارہا ہے۔ منتظمین کے مطابق کانفرنس میں تین ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے، جن میں ایران کے وزرائے توانائی، اطلاعات و مواصلات، پارلیمانی کمیٹیوں کے سربراہان، وزارت خارجہ کے برکس ڈویژن کے سربراہ اور متعدد بین الاقوامی ماہرین شامل ہوں گے۔

کانفرنس کا مرکزی موضوع "برکس کا مستقبل بلاک چین کے ذریعے" ہے، جس میں مالیاتی رکاوٹوں کو ختم کرنے، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کرنے اور ایران سمیت دیگر ممالک کی اقتصادی صلاحیتوں کو وسعت دینے پر غور کیا جائے گا۔ یہ اجلاس کرپٹو اثاثوں کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا ذریعہ بنے گا۔

کانفرنس کے دوران سائنسی مقالات کا ایک مقابلہ بھی منعقد ہوگا، جس میں چار شعبوں — معیشت و مالیات، قانونی ضابطہ کاری، کاروبار و عملی اطلاق، اور ٹیکنالوجی — میں مقالات طلب کیے گئے ہیں۔ مقالہ نگار برکس ممالک میں کرپٹو اثاثوں کی قانونی حیثیت، تجارتی امکانات اور بلاک چین انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔

منتظمین کے مطابق اس علمی مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے محققین کو قیمتی انعامات دیے جائیں گے جن میں 12 ایتھیریئم ٹوکنز، اعزازی اسناد اور بین الاقوامی اشاعت کی سند شامل ہے۔ منتخب مقالہ نگاروں کو تہران میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے گی۔

News ID 1931737

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha