4 اپریل، 2025، 3:54 PM

لبنان پر اسرائیلی حملہ، حماس کے اعلی رہنما بچوں سمیت شہید+ ویڈیو

لبنان پر اسرائیلی حملہ، حماس کے اعلی رہنما بچوں سمیت شہید+ ویڈیو

جنوبی لبنان پر صہیونی حملے میں حماس کے اعلی رہنما حسن فرحات اپنے دو بچوں سمیت شہید ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، لبنان کے شہر صیدا میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر صہیونی حکومت نے حملہ کیا، جس میں حماس کے ایک سینیئر رہنما حسن فرحات شہید ہوگئے۔

لبنانی میڈیا کے مطابق حملے کے نتیجے میں ایک زوردار دھماکہ ہوا اور حملے میں نشانہ بننے والا اپارٹمنٹ آگ کی لپیٹ میں آگیا اور اسے شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کی آواز صیدا کے اطراف کے علاقوں میں بھی سنی گئی۔ دھماکے کے بعد ایمبولینس گاڑیاں فورا جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

مقامی ذرائع نے کہا ہے کہ حملے میں حماس کے رہنما حسن فرحات اور ان کے دو بچے، حمزہ اور حنین، شہید ہوگئے۔

لبنانی میڈیا "العربی الجدید" نے حزب اللہ کے ایک ذریعے کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ صیدا میں اسرائیلی حملے میں حسن فرحات المعروف ابویاسر اور ان کے دو بچے شہید ہوگئے۔

یہ حملہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد صیدا میں ہونے والا دوسرا بڑا دہشت گرد حملہ تھا۔ اس سے قبل، 17 فروری 2025 کو اسرائیلی ڈرون نے القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد شاہین کو صیدا کے داخلی راستے پر نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیل نے گزشتہ نومبر سے اب تک 2000 سے زائد مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور اس دوران جنوبی لبنان، بقاع اور بیروت کے علاقوں پر متعدد حملے کیے ہیں۔

لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے لبنانی خودمختاری اور اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ اپنی جارحیت بند کرے۔

دوسری جانب لبنان میں فلسطینی مہاجر کیمپوں میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ عین الحلوہ اور نہر البارد کے کیمپوں میں ہزاروں فلسطینی مظاہرین نے شرکت کی۔

مظاہرین نے اسرائیل کے غزہ پر حملے، جبری بے دخلی اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف فوری اقدامات کرے اور معصوم فلسطینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے۔

News ID 1931615

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha