مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے صہیونی حکومت کے ساتھ پائے جانے والے اختلافات حل ہونے کی خبر دی ہے۔
لبنان میں تنظیم کے نمائندے احمد عبدالہادی نے کہا کہ دوحہ میں جاری مذاکرات کے دوران تمام اختلافی نکات اور باقی رہنے والے امور مکمل طور پر طے پاگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے ان مذاکرات میں انتہائی لچک کا مظاہرہ کیا تاکہ معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار ہوسکے۔
عبدالہادی نے یہ بھی کہا کہ تنظیم نے معاہدے میں جنگ کے مکمل خاتمے، غزہ سے قابض افواج کی واپسی اور مہاجرین کی واپسی کو واضح طور پر شامل کرنے پر زور لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوحہ میں حتمی مذاکرات کے دوران تمام زیر بحث شقیں طے پاچکی ہیں اور اب معاہدے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ صہیونی وزیراعظم کے ہاتھ میں ہے۔
عبدالہادی نے مزید کہا کہ باخبر ذرائع کے مطابق، نیتن یاہو یا تو اس معاہدے پر دستخط کر سکتے ہیں یا اپنے سابقہ طریقے کے مطابق اسے روکنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
حماس کے نمائندے نے کہا کہ مذاکرات میں موجود ثالث اسرائیل کے سرکاری موقف اور معاہدے پر دستخط کا انتظار کررہے ہیں۔ مذاکرات کے آخری لمحات میں نتن یاہو نے کچھ شرائط پیش کیں،جنہیں حماس نے نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبول کیا تاکہ معاہدہ مکمل ہو سکے۔ اب نتن یاہو کے پاس اب کوئی جواز یا بہانہ نہیں بچا کہ وہ اس معاہدے کو پہلے کی طرح ناکام کرے۔
آپ کا تبصرہ