مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں پر صہیونی حکومت کی بربریت مسلسل جاری ہے۔
شمالی غزہ سے فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے کی مذموم سازش کے تحت صہیونی فورسز نے بیت لاہیا اور جبالیا میں بمباری اور گولہ باری کی ہے۔
فلسطینی نیوز ایجنسی وفا نے صہیونی جارحیت کے حوالے سے کہا ہے کہ بیت لاہیا میں صہیونی فورسز نے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے شہداء کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
شمالی غزہ کے ہسپتال کمال عدوان پر صہیونی فوج نے حملہ کیا ہے جس کی وجہ سے ہسپتال کی صورتحال مزید مخدوش ہوگئی ہے۔
دوسری جانب النصیرات پناہ گزین کیمپ پر بھی صہیونی فورسز نے حملہ کیا ہے۔ حملے میں ایک مکان تباہ ہوگیا جس میں موجود تین افراد موقع پر شہید ہوگئے۔ صہیونی ہیلی کاپٹر بوریج پناہ گزین کیمپ پر بھی مسلسل بمباری کررہے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صہیونی حملوں میں مجموعی طور پر کم از کم 50 فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ