مہر خبررساں ایجنسی نے عراقی واع نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراق کے انسداد دہشت گردی کے ادارے کے ترجمان صباح النعمان نے کہا: مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے حکم کے مطابق انسداد دہشت گردی کے ادارے کی جانب سے اربعین کی سکیورٹی کی تیاریاں بہت جلد شروع کر دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے ادارے کا مشن دیگر سیکورٹی شعبوں کی حمایت کرنا ہے۔
عراق کی انسداد دہشت گردی فورس اربعین کے راستوں، خاص طور پر پرہجوم علاقوں میں کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ سرگرمی یا کوشش کو ناکام بنانے کے لئے اپنی انٹیلی جنس کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
النعمان نے تاکید کی کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے ان علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے متعدد پیشگی اور احتیاطی کارروائیاں انجام دی ہیں خاص طور پر دور دراز علاقوں اور صحرائی علاقوں کو جہاں دہشت گردوں کے مارٹر حملوں کے لیے ان علاقوں کو استعمال کرنے کا امکان تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کے ادارے کی فیلڈ اور انٹیلی جنس سرگرمیوں کے علاوہ زائرین کو صحت کے میدان میں ہنگامی طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے بھی خصوصی ٹیم موجود ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسداد دہشت گردی فورسز، دہشت گردی کے کسی بھی خطرے یا کارروائی سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
آپ کا تبصرہ