مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے سری لنکا میں ایرانی انجینئروں کا شاہکار اماویہ ڈیم اور پاور پلانٹ کے کثیر المقاصد منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: سری لنکا کے معزز صدر کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے اس ملک کا دورہ میرے لئے باعث فخر اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کے بڑے اور کثیر المقاصد منصوبے سے زیادہ اہم چیز دونوں قوموں کے عوامی ارادے کی تکمیل ہے، جو بہتر اور خوشحال زندگی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی تکنیکی اور انجینئرنگ صلاحیتوں کے ساتھ بیس سے زائد ممالک میں بڑے پیمانے پر بجلی اور پانی کے منصوبے لگا رہا ہے۔
آیت اللہ رئیسی نے مزید کہا کہ مغربی ممالک یہ باور کرانا چاہتے تھے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی پر صرف ان کی اجارہ داری ہے لیکن آج ایرانی ماہرین اور سائنسدانوں نے نہ صرف ایران بلکہ پورے براعظم ایشیا میں عظیم کارنامے انجام دئے ہیں اور انجام دے رہے ہیں۔
آیت اللہ رئیسی نے واضح کیا کہ دشمن یہ نہیں چاہتا تھا کہ ہم ترقی کریں لیکن ہماری قوم نے ترقی کا فیصلہ کیا اور ایران کی عظیم قوم کا ارادہ کامیاب جب کہ دشمن ناکام ہو گیا۔
انہوں نے سری لنکا کے صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران سری لنکا کی ترقی کی راہ میں اپنے تمام تجربات آپ کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یہاں موجود مسلمانوں، ہندوؤں اور سری لنکا کے تمام مذاہب کے لوگوں اور نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ آپ خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے پوری خود اعتمادی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔
صدر رئیسی نے واضح کیا کہ مغربی تسلط پسندی کا نظام قوموں کو احساس کمتری میں رکھ کر یہ جتلانا چاہتا ہے کہ آپ ہمارے بغیر سائنسی اور علمی ترقی حاصل نہیں کرسکتے۔ یہی اس جابرانہ استکباری نظام کی سب سے بڑی خرابی ہے۔ بلاشبہ سری لنکا کے عوام کی خوشحالی ایران کے عوام کی خوشحالی ہے۔ ایران زندہ باد، سری لنکا زندہ باد۔
آپ کا تبصرہ