مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے شفا ہسپتال کے احاطے میں صہیونی فوج کے مسلسل جرائم پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے شفا ہسپتال کے احاطے پر غاصبانہ قبضے کا سلسلہ جاری ہے اور یہ رجیم اپنے فوجی مقاصد کے حصول میں ناکامی اور شکست کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے: ہم شہریوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنانے کے خلاف خبردار کرتے ہیں جو کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت محفوظ سمجھے جاتے ہیں۔
حماس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے: ہم عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سے کہتے ہیں کہ شفا ہسپتال میں جرائم اور قتل عام کو روکنے کے لیے اقدام کریں۔
واضح رہے کہ صیہونی فوج نے گزشتہ روز علی الصبح غزہ شہر کے شفا ہسپتال کو بھاری توپ خانے اور فضائی حملوں سے نشانہ بنایا جب کہ اس دوران قابض صیہونی فوجیوں نے اس ہسپتال کو گھیرے میں لے کر شدید فائرنگ بھی کی۔
فلسطینی ذرائع نے شفا ہسپتال پر صہیونی حملے میں درجنوں فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
ان ذرائع کے مطابق ہسپتال کے اندر سینکڑوں بے گھر افراد، مریض، صحافی اور طبی عملہ محصور ہو کر رہ گیا ہے۔
ادھر العربی ٹی وی چینل کے رپورٹر نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے غزہ شہر کے شفا ہسپتال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اس ہسپتال پر حملے کے دوران اس حکومت کا ایک فوجی زخمی بھی ہوا ہے۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 13 نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج شفا ہسپتال پر بڑے حملے کے باوجود ہسپتال کے اندر اپنے کسی یرغمالی کو تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ