مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ صہیونی حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام مخصوصا غزہ کے بے گناہ شہریوں پر جارحانہ حملے جاری ہیں۔ عالمی سطح پر صہیونی حکومت کے جنگی جرائم کی مخالفت میں اضافہ ہورہا ہے۔ مختلف ممالک میں نتن یاہو حکومت کے جنگی جنون کی مذمت کی جارہی ہے اور صہیونی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کولمبیا نے غزہ میں جنگی جرائم پر احتجاج کرتے ہوئے صہیونی حکومت کی سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرخارجہ نے اسرائیلی سفیر کو بلاکر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
اس سے پہلے ذرائع ابلاغ میں خبر آئی تھی کہ کولمبیا صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات منقطع کررہا ہے۔ اس سلسلے میں کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے ایک بیان میں غزہ میں صہیونیوں کے مظالم کو نازی حکومت کے سلوک سے تشبیہ دی تھی۔
صہیونی حکومت نے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کولمبیا کو سیکورٹی آلات فراہم کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ صہیونی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ کولمبیا کے سفیر کو اس حوالے سے مطلع کیا گیا ہے۔
اس کے جواب میں کولمبیا کے صدر نے کہا تھا کہ اگر مجبور ہوجائیں تو اسرائیل کے ساتھ تعلقات ختم کردیں گے۔ کولمبیا نسل کشی کی کسی بھی قیمت پر حمایت نہیں کرے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا کہ "یہ وہی چیز ہے جو نازی یہودیوں کے بارے میں کہتے تھے"
آپ کا تبصرہ