مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ سوڈانی فوج نے 16 ویں بریگیڈ کے کمانڈر یاسر فضل اللہ الخضر کے مارے جانے کی تصدیق کردی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کمانڈر یاسر فضل اللہ نیالا شہر میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے مارا گیا ہے۔ فوج سے وابستہ ایک ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ فضل اللہ کو ان کے باڈی گارڈ نے قتل کیا ہے۔
نیالا شہر میں گذشتہ دس دنوں سے فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔ فریقین کے درمیان شدید لڑائی کی وجہ سے کئی درجن شہری ہلاک اور لاکھوں اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
دوسری جانب الجزیرہ کے نامہ نگار نے رپورٹ دی ہے کہ خرطوم کے جنوب میں مسلح افواج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان ایک چھاونی کے اطراف میں دوبارہ جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں۔ علاقے پر جنگی طیارے بمباری کررہے ہیں۔ پیرا ملٹری فورسز کے مرکز کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ ان کے جوانوں نے فوجی چھاونی کی دیواریں پھلانگ کر اندر تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ دوسری سوڈانی فوج کے اندرونی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ پیرا ملٹری فورسز کے جوان دیوار پھلانگ کر اندر آگئے ہیں۔
خرطوم کے مغرب میں واقع ام درمان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوتی رہی ہیں جس کے دوران مختلف نوعیت کے ہلکے اور بھاری اسلحے استعمال کئے جارہے ہیں۔
ام درمان کی فضاوں میں سوڈانی فوج کے طیارے پرواز کررہے ہیں۔ پیراملٹری فورسز کے جوان طیارہ شکن گنوں سے فائر کرکے طیاروں کا مقابلہ کررہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ