مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یمنی قیدیوں کے امور کے سربراہ عبدالقادر المرتضی نے کہا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے لئے ہونے والے مذاکراتی سلسلے کے مطابق مئی میں مذاکرات کا اگلا دور ہونا تھا لیکن سعودی اتحاد اس حوالے سے مختلف بہانے پیش کررہا ہے۔ انصاراللہ نے اپنے پاس موجود سعودی اتحاد سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی فہرست اقوم متحدہ کو پیش کردی ہے تاکہ سعودی اتحاد بھی جوابی اقدام کرے لیکن ان کی طرف سے مثبت جواب نہیں دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انصاراللہ قیدیوں کے تبادلے کو آگے بڑھانا چاہتی ہے لیکن فریق دوم کی جانب سے اس معاملے کو گھمبیر بنایا جارہا ہے۔ سعودی اتحاد نے اقوام متحدہ کو چکمہ دیا ہے۔ تعز، مارب اور عدن میں سعودی اتحاد کے کارندوں نے متعدد لوگوں کو اغوا کیا ہے۔ صنعاء میں قائم انسانی حقوق کے اداروں کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کی جیلوں میں یمنی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ صنعا میں موجود انسانی حقوق کی تنظیموں نے پریس کانفرنس کے دوران سعودی اتحاد کی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ نامناسب سلوک کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی اتحاد کی جانب سے اغوا کئے گئے 1200 بے گناہ شہریوں میں سے 256 رہا ہوگئے ہیں۔ مغویوں میں سے اکثر کو مارب کی جیلوں میں رکھا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ