مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران خطے کی ترقی، امن اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کوشاں ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سطح پر تعاون قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے کی ترقی، امن اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کوشاں ہیں، خطے کی ترقی ہمارا مشترکہ ویژن ہے۔ دونوں ملکوں کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی مماثلتیں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مستحکم بنیادیں فراہم کرتی ہیں۔ پاکستان اور ایران کے مابین پارلیمانی روابط، تجارتی تعاون اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات میں مزید استحکام ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی رابطوں کے فروغ کیلئے پارلیمانی سفارتکاری سے بھر پور استفادہ کرنا ہوگا۔
دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سطح پر تعاون قابل تعریف ہے۔ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو سیاسی، سماجی اور اقتصادی سطح پر مزید مستحکم کیا جائے۔ ایران کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور ایران نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ بین الاقوامی فورمز پر تعاون کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں مزید تجارتی راستے کھولنے اور سرحدی منڈیاں قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ایرانی سفیر کی پاک-ایران تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے سلسلے میں کاوشوں کو سراہا ۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے ایران کی مجلس شوریٰ کے سپیکر کیلئےبھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ