مہر خبررساں ایجنسی نے السومریہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ العتبة الحسینیة نے امام مہدی (عج) کی ولادت باسعادت کے موقع پر نیمہ شعبان کے خصوصی انتظامی اور سیکورٹی منصوبے کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حرم امام حسین علیہ السلام کے متولی حسن رشید العبایجی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہم نیمہ شعبان کی رسومات اور تقریبات کے خصوصی پلان کی کامیابی کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیمہ شعبان کی زیارت، لاکھوں زائرین کی میزبانی اور ان رسومات کے کامیاب اختتام میں متعلقہ حکومتی اداروں اور عتبہ مقدسہ حسینیہ کے سیکورٹی، خدمات اور حفظان صحت کے شعبوں کے باہمی تعاون نے اہم کردار ادا کیا۔ العبایجی کے مطابق اس پلان میں سیکیورٹی، طبی اور حفظان صحت اور خدمات کے منصوبے اور نیمہ شعبان کی رسومات کے انعقاد سے متعلق دیگر انتظامی منصوبے شامل تھے۔
العتبة الحسینیة کے اعلان کے مطابق نیمہ شعبان کے خصوصی پلان میں حرم امام حسین علیہ السلام کے عملے کے ساتھ ساتھ ہزاروں رضاکار مرد و خواتین نے حصہ لیا اور ایک ہزار سے زائد ڈاکٹرز اور نرسیں بھی موجود تھیں جبکہ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر دو ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حرم امام حسین علیہ السلام کی انتظامیہ نے لاکھوں زائرین اور امام زمانہ ﴿عج﴾ کے پیروکاروں کی ان تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کیں۔ اعلان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس سال نیمہ شعبان کے موقع پر حرم امام حسین علیہ السلام میں 20 لاکھ سے زائد زائرین حاضر ہوئے۔
آپ کا تبصرہ