مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے بریک تھرو میسنجر رائبونیوکلک ایسڈ (MRNA) ٹیکنالوجی کی بنیاد پر تیار کردہ اپنی پہلی مقامی کورونا وائرس ویکسین کا انسانوں پر ٹرائل شروع کر دیا۔
خیال رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پہلے ہی کم از کم پانچ دیگر کووڈ-19 ویکسینز متعارف کروا چکا ہے جو ریکومبیننٹ ﴿دوبارہ پیدا ہونے والے﴾ پروٹین کی بنیاد پر مقامی طور پر تیار کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز دار الحکومت تہران میں ایک تقریب معنقد کی گئی جس میں ایک رضاکار نے نئی ویکسین کی ایک خوراک حاصل کی، اس نئی ویکسین کو CORENAPCIN کا نام دیا گیا ہے جسے تہران میں قائم نالج بیسڈ کمپنی ReNAP گروپ نے تیار کیا ہے۔
مذکورہ نئی ویکسین کے انسانی ٹرائل کے آغاز کی تقریب میں ReNAP گروپ کے سربراہ ڈاکٹر وحید خدامی، ایرانی نائب صدارتی ایوان برائے سائنس اور ٹیکنالوجی میں بائیو ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مصطفیٰ قانعی اور ایرانی صحت کے شعبے کے دیگر حکام نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ اطلاعات کے مطابق ایران دنیا کا چھٹا اور مغربی ایشیا کا پہلا ملک جس نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کی ہے۔
اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ اب تک ایران میں مقامی طور پر پانچ کورونا وائرس ویکسین تیار کی جا چکی ہیں، ایران ان چند ممالک میں سے ایک ہے جس کے پاس ویکسین کی تیاری کے تمام پلیٹ فارم موجود ہیں۔
ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق ایران میں کل 21 نالج بیسڈ کمپنیاں ماہانہ COVID-19 ویکسین کی 50 ملین خوراکیں اور سالانہ 600 ملین خوراکیں تیار کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
آپ کا تبصرہ