20 جنوری، 2023، 11:41 AM

پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور

پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اس پر آج ہی کارروائی کرے گا۔اسپیکر کی جانب سے جن 35 پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میں ڈاکٹر حیدر علی خان، سلیم خان، صاحبزادہ صبغت اللہ ، عامر کیانی، امجد خان نیازی، سید فخر امام، مخدوم خسرو بختیار، عندلیب عباس، ملیکہ بخاری، محبوب شاہ، بشیر خان، جنید اکبر، شیر اکبر خان، علی خان جدون، عثمان ترکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب اور  شیر علی ارباب شامل ہیں۔اسپیکر نے 31 جنرل اور 4 مخصوص نشستوں کے استعفے قبول کیے ہیں جب کہ یکم بعد دیگرے منظور ہونے والے مجموعی استعفوں کی تعداد 80 سے زائد ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس پی ٹی آئی کے استعفوں کے باعث ہی ملتوی کیا گیا ہے۔ ایوان میں پی ٹی آئی منحرف ارکان کے علاوہ صرف 30 سے زائد ارکان ہی باقی بچے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مزید 35اراکین کے استعفوں پر کارروائی شروع کر دی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کو آج ہی ڈی نوٹیفائی کردیا جائے گا۔قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے 17 جنوری کو بھی پی ٹی آئی کے  34 ارکان اور شیخ رشید احمد کا استعفا منظور کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا ہاؤس میں تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس جاری تھا، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے سلسلے میں حکمت عملی بنائی جا رہی تھی۔قومی اسمبلی کے اسپیکر سے ملاقات میں پی ٹی آئی وفد نے ایوان کے تین اہم عہدوں کے نام تجویز کرنے تھے، جن میں اپوزیشن لیڈر، پارلیمانی لیڈر اور چیئرمین پی اے سی کے عہدے شامل ہیں، تاہم اسی اثنا میں اسپیکر نے تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔

News ID 1914281

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha