مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ حکومت کی معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی تباہ حال معیشت کو بحال کریں گے۔ ان شا اللہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا۔
قبل ازیں اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر حکام نے وزیراعظم کو ملکی معاشی صورت حال پر بریفنگ دی، جس میں وزیر اعظم کو قرضوں کی واپسی کے شیڈول اور آئی ایم ایف سے جاری بات چیت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں معاشی ٹیم نے وزیر اعظم کو زرمبادلہ کے ذخائر سمیت ڈالر کی قدر کے محرکات کے حوالے سے بھی بتایا۔
اجلاس میں موجود وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔قرضوں کی بروقت ادائیگیاں کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ معیشت کو مستحکم اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ڈالر ، گندم اور یوریا کی افغانستان اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈالر کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے تمام اداروں میں روابط مضبوط کرتے ہوئے ہوئے سخت ایکشن لیا جائے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت مالیاتی اداروں سے کی گئی کمٹمنٹ کو پورا کرے گی۔
آپ کا تبصرہ