21 اکتوبر، 2022، 6:59 PM

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا

منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اہم اجلاس سنگاپور میں ٹی راج کمار کی زیر صدارت ہوا۔ ایف اے ٹی ایف کے صدر نے کہا کہ پاکستان 2018 سے گرے لسٹ میں تھا، متعلقہ حکام نے تمام 34 نکات پر عمل درآمد کرلیا جس پر پاکستان کو اس پیش رفت پر خیرمقدم کرتا ہوں۔

پاکستانی وزیراعظم کا اظہار تشکر 
پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی پر قوم کو مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو فاٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی، پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالی کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے، فاٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا۔

وزارت خارجہ، افواج پاکستان سمیت دیگر اداروں کو مبارکباد 
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزارت خارجہ، متعلقہ حکام اور وزارتوں اور افواج پاکستان، ڈی جی ایم او سمیت دیگر تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہتے ہیں اور مبارک دیتے ہیں، حکومت کی اتحادی جماعتوں اور قائدین کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے بھرپور تعاون سے یہ ممکن بنایا۔ شبہاز شریف نے کہا کہ ’این آراو‘ کی تہمتیں برداشت کرکے قومی مفاد کی خاطر اپوزیشن میں بھی ہم نے اس معاملے پر پورا تعاون کیا، ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے آج یہ کامیابی عطا فرمائی۔

انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے، آنے والے وقت میں ملک اور قوم کے لیے اور بھی خوش خبریاں آئیں گی۔

News ID 1912750

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha