مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی عدالت کی جانب سے حریت رہنماء یاسین ملک کو بے بنیاد الزامات میں غلط سزا سنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کوفوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نام نہاد بھارتی عدالت کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو یاسین ملک کو من گھڑت الزامات میں غلط سزا سنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یاسین ملک بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماؤں میں سب سے نمایاں آواز ہیں، بھارت یاسین ملک کو فوری طور پر رہا کرے اور انہیں خاندان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بھارت کو یاسین ملک کے ساتھ ہونے والی اس سنگین ناانصافی کو روکنے کی تلقین کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت دی گئی تو اس کے سنگین انسانی نتائج ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کی تفتیشی ایجنسی نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کو دہشتگردی کی معاونت اور دیگر جھوٹے مقدموں میں مجرم قراردیا ہے جس پر انہیں کل سزا سنائی جائے گی۔
واضح رہے کہ حریت رہنما یاسین ملک طویل عرصے سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔
آپ کا تبصرہ