مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے دعوی کیا ہے کہ ایران چند ہفتوں کے دوران جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران چند ہفتوں کے دوران جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے۔ ایران کو اب جوہری ہتھیار تیارکرنے کے لئے ایک سال نہیں بلکہ چند ہفتے درکار ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صورتحال امریکہ کے لئے یقیناً تشویش اورفکرمندی کا باعث ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے سے نکل گئی تھی جس کے بعد ایران نے اپنے جوہری پروگرام کوتیزی کے ساتھ آگے بڑھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے کسی پیشرفت سے روکنے اور مسئلے کوحل کرنے کے لئے سفارتی راستہ اختیار کرنا ضروری ہے اور مشترکہ ایٹمی معاہدے پر عمل اس کا بہترین راستہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ اسے ایٹمی ہتھیار بنانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال شرعی اور اسلامی قوانین کے مطابق جائز نہیں ہے۔
آپ کا تبصرہ