24 اپریل، 2022، 4:15 AM

عمران خان کا دھمکی آمیز خط کے متعلق سپریم کورٹ سے کھلی سماعت کا مطالبہ

عمران خان کا دھمکی آمیز خط کے متعلق سپریم کورٹ سے کھلی سماعت کا مطالبہ

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط کے معاملے پر سپریم کورٹ سے کھلی سماعت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سپریم کورٹ کو یہ کام بہت پہلے کرنا چاہیے تھا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط کے معاملے پر سپریم کورٹ سے کھلی سماعت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سپریم کورٹ کو یہ کام بہت پہلے کرنا چاہیے تھا۔ عمران خان نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے تسلیم کیا کہ مراسلہ ایک حقیقت ہے، وزیراعظم کے خلاف سازش کی گئی، دیر لگتی ہے مگر سچ سامنے آجاتا ہے، قومی سلامتی کمیٹی نے کنفرم کردیا کہ سازش ہوئی اور دھمکی آمیز خط بھیجا گیا، زیادہ تر افراد کو علم نہیں تھا کہ وہ سازش کا حصہ بن گئے ہیں لیکن مجھے معلوم ہوگیا تھا کہ لندن سے سازش ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے کہتا ہوں کہ آپ نے جس طرح ڈپٹی اسیپکر سے متعلق حکم دیا اب خط کے معاملے کو بھی دیکھیں، سپریم کورٹ کو اب یہ کرنا چاہیے جو کام پہلے کرنا تھا، ہمارا حلف پاکستان کی خودمختاری ہوتا ہے وہ خط کے معاملے پر کھلی سماعت کرے، یہ ہماری آزادی کے خلاف بہت بڑی سازش ہوئی، مراسلے میں جو زبان استعمال کی گئی وہ تکبر آمیز تھی اگر نوٹس نہ لیا تو آئندہ ہمارا کوئی بھی وزیراعظم دھمکی ملنے پر ہاتھ کھڑے نہیں کرے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سازش کرنے والوں کو پتہ تھا کہ عمران خان کے بعد کون اقتدار میں آئے گا، جنرل مشرف نے کونڈو لیزا رائس سے ملاقات کے بعد اس بیرونی مداخلت پر این آر او دے دیا تھا جس کا نقصان یہ ہوا کہ  این آر او کے بعد ملک کا قرضہ چار گنا بڑھ گیا کیوں کہ کرپٹ لوگ حکومت میں آگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی کے خلاف لندن میں بیٹھ کر سازش ہوئی، ہمارے سفیر سے ڈونلڈ لو کی ملاقات ہوئی، اگر اس خط کےمعاملے پر ٹھیک طرح تحقیقات نہیں ہوئیں تو آئندہ بھی ایسا ہوتا رہے گا، سپریم کورٹ جب اس پر تحقیقات کرائے گی تو معلوم ہوگا کہ کون کون سے اپوزیشن لیڈر نے سفارت خانوں میں جاجا کر ملاقاتیں کیں، سفارت خانوں نے لوگوں کو بے ضمیر اور لوٹا بنانا پہلے ہی سے شروع کردیا تھا، بڑے صحافیوں نے لکھنا شرو ع کردیا تھاکہ عمران خان کی حکومت کے خلاف سازش شروع ہوگئی ہمیں بھی جنوری سے ہی اس سازش کا علم ہوگیا تھا۔

News ID 1910606

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha