مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج ہوگا، قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کیلیے متحدہ اپوزیشن نے شہباز شریف کو متفقہ امیدوار نامزد کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو مقابلے کے لیے میدان میں اتارا ہے۔ انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کل 2 بجے تک جمع کرائے گئے، شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی نے قانونی ضابطے پورے کر کے اپنے اپنے کاغذات جمع کرائے۔
قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج پیر کی دوپہر دو بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں تمام اراکین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور پھر کامیاب ہونے والا امیدوار رات 8 بجے وزیراعظم کا حلف اٹھائے گا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا جاری کردیا ہے، جس کے مطابق ایوان کی کارروائی کے دوران قائد ایوان کا انتخاب ہوگا، میاں شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی وزیراعظم بننے کی دوڑ میں آمنے سامنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے قائد ایوان کے لیے شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار کی کسی بھی جماعت نے سپورٹ نہیں کی اور منحرف اراکین بھی اپوزیشن کے امیدوار کے حامی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، پاکستانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر مستعفی ہوگئے۔ جس کے بعد قائم مقام اسپیکر ایاز صادق نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اجلاس پیر کی دوپہر دو بجے طلب کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ