مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جمع کروائی گئی تحریکِ عدم اعتماد کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے بغیر ووٹنگ کے ہی مسترد کر دینے کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں از خود نوٹس کیس کی سماعت آج تیسرے دن بھی جاری ہے۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ از خود نوٹس کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی اعلی عدالت نے دھمکی آمیز خط پر خفیہ ایجنسیوں کے سربراہوں سے اِن کیمرہ بریفنگ لینے، مراسلے کی انکوائری اور امریکہ میں پاکستانی سفیر کو طلب کرنے کی استدعا مسترد کر دی اور 31 مارچ کی قومی اسمبلی کی کارروائی کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ازخود نوٹس کی سماعت بدھ کے دن بھی جاری رکھی۔
آپ کا تبصرہ