مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن گزشتہ روز بھارت کے دورہ پر پہنچے جہاں انہوں نے بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی انسانی حقوق کے معاملے کو پس پشت نہ ڈالے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ تمام افراد کو احتجاج کا حق حاصل ہے چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب یا فرقے سے ہو، ہمیں سب کا احترام کرنا چاہیے۔ افغانستان کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی فورسز افغانستان سے جا ضرور رہی ہیں تاہم سفارتی سطح پر ہماری موجودگی برقرار رہے گی ۔
آپ کا تبصرہ