مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ایران کے خلاف امریکہ کی معاندانہ پالیسیوں اور اقتصادی پابندیوں کی شکست طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو سکیورٹی کونسل میں دو بار منہ کی کھانی پڑی ہے اور ایرانی عوام نے امریکہ کو عالمی سطح پر شکست سے دوچار کرکے تنہا کردیا ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ امریکہ نے عالمی سطح پر ایران کے خلاف دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن اسے سکیورٹی کونسل شکست کا سامنا کرنا پڑا اور مشترکہ ایٹمی معاہدے کی وجہ سے اس بار امریکہ کے قریبی اتحادی ممالک نے بھی اس کا ساتھ نہیں دیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ آئندہ ہفتہ بھی ایرانی عوام کے مقابلے میں امریکہ کو شکست اور ناکامی نصیب ہوگی۔
صدر روحانی نے ایرانی عوام کی ہمت ، صبراور شجاعت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں مغربی ، مشرقی طاقتیں اور عرب ممالک سبھی عراق کے سابق صدر صدام معدوم کی پشتپناہی کررہے تھےلیکن ایرانی قوم نے صبر و بردباری اور استقامت کے ساتھ اس جنگ میں کامیابی حاصل کی۔
صدر روحانی نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ دوستی کو عربوں کے لئے ذلت آمیز قراردیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے غیور اور بہادر عربوں نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کی غداری اور خیانت کی مذمت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کردیئے ہیں۔ صدر روحانی نے کہا کہ شیاطین نے شیطان کے ساتھ معاہدہ کرکے اپنے چھپے ہوئے مکروہ چہرے کو دنیائے اسلام کے سامنے پیش کردیا ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ امت مسلمہ اور ایران سمیت مستقل اسلامی ممالک فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انھوں نے کہا کہ خائن اور غدار عرب حکرانوں کو اپنی خیانت اور غداری کا تاوان ادا کرنا پڑےگا اور عرب عوام انھیں ہر گز معاف نہیں کریں گے۔
آپ کا تبصرہ