مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی شہر آرلینڈو کے ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے افغان نژاد امریکی شہری عمر متین کی اہلیہ کو حملے سے متعلق پہلے سے علم تھا جس کے بعد ان پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔اطلاعات کے مطابق ایف بی آئی نے آرلینڈو حملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دہشت گرد عمر متین کی دوسری بیوی نور زہی سلمان کو شامل تشویش کرلیا جس نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ انہیں آرلینڈو حملے کا علم تھا اور جب عمر متین نے حملے سے چند روز قبل گنیں خریدیں تو وہ بھی اس کے ساتھ تھیں۔ ملزم کی اہلیہ نے مزید بتایا کہ عمر متین نے آرلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پرحملے کی ریکی کر رکھی تھی اور اس کے لئے وہ انہیں چند روز قبل وہاں ساتھ لے کر گیا تاہم انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ عمر متین یہاں حملہ کرنے والا ہے۔
نورزہی سلمان نے مزید انکشاف کیا کہ آرلینڈو حملے سے قبل عمر متین نے ڈزنی ورلڈ پر حملہ کرنے کا پلان بنایا تھا جس کے لئے وہ اپریل میں وہاں گیا جب کہ نور زہی کے انکشاف کے بعد ڈزنی ورلڈ انتظامیہ نے کیلیفورنیا اور فلوریڈا میں موجود اپنے دونوں پارکوں کی سکیورٹی مزید سخت کردی۔ اس سے قبل عمر متین کے ایک ساتھی نے انکشاف کیا تھا کہ عمر متین خود بھی ہم جنس پرست تھا ادھر داعش دہشت گردوں نے آرلینڈو میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر متین داعش کا رکن تھا۔
آپ کا تبصرہ