مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم کے بین الاقوامی امور کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ حزب اللہ کے خلاف بعض علاقائی ممالک کا اقدام قابل مذمت اور امریکی اور اسرائیلی مفادات میں ہے۔
اس ملاقات میں لبنان میں ایران کے سفیر فتحعلی بھی موجود تھے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ بعض علاقائی عرب ممالک فلسطین میں اسرائیل کے ہولناک جرائم کی مذمت کرنے کے بجائے اپنی تمام طاقت حزب اللہ کے خلاف استعمال کرکے امریکہ اور اسرائیل کو خوش کررہے ہیں۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ حزب اللہ عالم اسلام کے لئے باعث فخر تنظیم ہے جو منطقی اور اسلامی اصولوں پر گامزن رہ کر دشمنوں کی معاندانہ پالیسیوں کو ناکام بنا رہی ہے۔ اس ملاقات میں سید حسن نصر اللہ نے بھی ڈاکٹر ولایتی کو خوش آمدید کہا اور ایران کی طرف سے لبنان اور فلسطین کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی سرپرستی میں خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قراردیا ہے۔
آپ کا تبصرہ