مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نےامریکہ کے ایٹم بم حملے کا نشانہ بننے والے جاپانی شہر ہیرو شیما کا دورہ کیا ہے اور اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ اطلاعات کے مطابق جان کیری دنیا 7 بڑی معاشی طاقتوں کے گروپ ’جی سیون‘ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے جاپان کے شہر ہیروشیما پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے ہیروشیما میں " پیس میموریل پارک"، ایٹم پھٹنے کے مقام ’بام ڈوم‘ اور اس حملے میں ہونے والی تباہی کی یاد دلانے والے عجائب گھر کا بھی دورہ کیا۔جان کیری پہلے امریکی اعلیٰ عہدیدار ہیں جنھوں نے جاپان کے شہر ہیروشیما یا اس مقام کا دورہ کیا ہے جو ایٹمی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد دلاتا ہے، اس سے پہلے کسی بھی اعلیٰ ترین امریکی شخصیت نے اپنے عہدے پر رہتے ہوئے ایسے کسی مقام کا دورہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے دوسری جنگ عظیم کے دوران 6 اگست 1945 میں ہیرو شیما پر ایٹم بم گرایا تھا، جس کے نتیجے میں ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ اس حملے کا نشانہ بننے والے لوگوں کی نسلیں اب بھی اس تابکاری کے اثرات کا شکار ہیں۔
آپ کا تبصرہ