مہر خبررساں ایجنسی نے سومریہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراق کے شہر موصل کے جنوبی علاقے میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کئے گئے ہوائی حملوں میں درجنوں داعش دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ حملے جنوبی موصل میں القیارہ اور حمام العلیل علاقوں میں کئے گئے۔ ان حملوں میں جہاں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوئے وہیں دہشت گردوں کا ایک آئیل ٹینکر اور متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔ موصل میں عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے بعد داعش میں سخت خوف وہراس پایا جا رہا ہے اور انہوں نے ان دونوں علاقوں میں اپنے بیشتر ٹھکانے خالی بھی کر دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ موصل شہر کو آزاد کرانے کی کارروائیوں میں حصہ لینے والی فورس نے بھی داعش کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی ہے۔ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کہہ چکے ہیں کہ وہ رواں برس موصل کو داعش دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کردیں گے۔
عراق کے شہر موصل کے جنوبی علاقے میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کئے گئے ہوائی حملوں میں درجنوں داعش دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
News ID 1862792
آپ کا تبصرہ