مہر خبررساں ایجنسی نے برطانوی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سکھوں نے بھارت میں اپنی مذہبی کتاب کی بے حرمتی پر لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں برطانیہ سے ہزاروں کی تعداد میں سکھوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے جب کہ مظاہرین کی جانب سے بھارتی حکومت سے واقعے پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تاہم اس دوران ہائی کمیشن کی جانب سے مذاکرات کے لیے کوئی نہ آیا۔ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے سکھوں کے مظاہرے کے دوران بدمزگی بھی دیکھنے میں آئی اور گھڑ سوار پولیس کے دستوں نے سکھ مظاہرین کو کنٹرول میں رکھنے کی کوشش کی تو اس دوران دھکم پیل ہوئی جس سے متعدد مظاہرین زخمی ہوئے جب کہ پولیس نے بعض مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیا۔
واضح رہے بھارت میں کچھ روز قبل سکھوں کی مذہبی کتاب کی بے حرمتی کی گئی تھی جس پر بھارت بھر میں سکھوں کی جانب سے شدید احتجاج جاری ہے۔
آپ کا تبصرہ