مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے گزشتہ ماہ شام میں کئے گئے ایک ڈرون حملے میں داعش دہشت گرد تنظیم میں شامل 2 برطانوی دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ گزشتہ ماہ شام کے شہررقہ میں برطانوی فضائیہ نے ڈرون حملہ کیا تھا جس میں داعش میں شامل دو برطانوی دہشت گرد ریاض خان اورروح الامین بھی ہلاک ہوئے۔ یہ حملہ برطانیہ کا شام میں داعش کے لیے لڑنے والے برطانوی شہریوں پر پہلا حملہ تھا۔
ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ ریاض خان کوبے حد محتاط منصوبہ بندی کے بعد ڈرون میں اس وقت ہدف بنایا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں سفرکررہے تھے، ریاض خان نے برطانوی سرزمین پر’سفاکانہ‘ حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی اور اپنے دفاع کے لیے اٹھایا جانے والا یہ قدم قانونی ہے۔ اس کارروائی سے پہلے اٹارنی جنرل سے مشاورت کی گئی تھی اور وہ اس بات پر واضح طور پر متفق تھے کہ ریاض خان کو ہدف بنانے کا قانونی جواز موجود ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ 24 اگست کو رقہ میں ہی امریکی فورسز کی کارروائی میں ایک اور برطانوی جنید حسین بھی مارے گئے تھے۔ ریاض خان اور جنید حسین نے رواں موسم گرما میں برطانیہ میں منعقد ہونے والی یادگاری تقریبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
واضح رہے کہ یورپی ممالک کے سیکڑوں وہابی دہشت گرد شام میں لڑرہے ہیں جن کی وجہ سے شامی عوام ہجرت کرکے یورپی ممالک کا رخ کررہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ