مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے سلفی وہابی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے آپریشن کے دوران 2 ہزار 763 سلفی وہابی دہشت گرد ہلاک اور ان کے 837 ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے جبکہ اس دوران پاکستانی فوج کے 347 افسر اور جوان جاں بحق ہوئے ہیں۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران 347 افسر اور جوان شہید ہوئے جب کہ ایک سال میں فاٹا اور خاص طورپرشمالی وزیرستان اورخیبرایجنسی میں واضح کامیابی حاصل ہوئی ہے جب کہ کئی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پاک افغان سرحد کے قریب تک پہنچ چکا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 2 ہزار763 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 837 ٹھکانے تباہ کرتے ہوئے 253 ٹن بارودی مواد برآمد کیا جاچکا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دوران 9 ہزار خفیہ اطلاعات پرآپریشن کئے گئے جس کے دوران ہزاروں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو حراست میں لیا گیا جب کہ مختلف شہروں میں کارروائی کے دوران 218 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا جاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں میں سرچ آپریشن کے دوران 1808 ہتھیار برآمد کئے گئے جن میں ایچ ایم جی، ایل ایم جی، اسنائپرز رائفلز، راکٹ لانچر اور اے کے 47 شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
آپ کا تبصرہ