مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں منعقدہ انڈر 23 عالمی گریکو رومن کشتی چیمپئن شپ میں ایران کی ٹیم نے تین طلائی اور دو کانسی کے تمغے جیت کر عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
مقابلوں کے مختلف وزنوں میں ایرانی پہلوانوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 63 کلوگرام وزن میں عرفان جرکنی نے فائنل میں جاپان کے ماناتو ناکامورا کو 2-1 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ 82 کلوگرام وزن میں ابوالفضل مہدی نے آرمینیا کے مارٹک پیٹروسیان کو 2-1 سے ہرایا، جبکہ 87 کلوگرام وزن کے فائنل میں یاسین یزدی نے قازقستان کے تمیرلان تورداکین کو 4-0 سے شکست دے کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
ایران کے محمد کمالی نے 67 کلوگرام وزن میں کانسی کے تمغے کے مقابلے میں آرمینیا کے یوریک ہوویان کو 6-0 سے شکست دی۔ اسی طرح 97 کلوگرام وزن میں محمد ہادی صیدی نے قازقستان کے نوراسیل امان عالی کو 8-0 سے ہرا کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
دوسری جانب 55 کلوگرام وزن میں آرمین شمسی پور نے ابتدائی دو مقابلوں میں کامیابی حاصل کی، تاہم کوارٹر فائنل میں بھارت کے پہلوان سے شکست کے بعد انجری کے باعث مزید مقابلوں میں حصہ نہ لے سکے۔ 77 کلوگرام وزن میں اہورا بویری کو مصر کے پہلوان کے ہاتھوں شکست ہوئی، جبکہ 130 کلوگرام وزن میں ابوالفضل فتحی تزنگی بھی مقابلے سے باہر ہوگئے۔
تین طلائی اور دو کانسی کے تمغوں کے ساتھ ایران نے انڈر 23 عالمی گریکو رومن کشتی چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
آپ کا تبصرہ