مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی نائب وزیر دفاع ڈین ڈریسکول ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت سے علیحدگی کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان کا ممکنہ استعفی امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسٹ کے ساتھ کئی ماہ سے جاری اختلافات اور کشیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔
اخبار نے معاملے سے باخبر متعدد حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ڈریسکول رواں سال کے اختتام سے قبل اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم ان کی رخصتی مقررہ وقت سے پہلے بھی ہوسکتی ہے۔
ڈریسکول کی ممکنہ علیحدگی سے امریکی فوج کی اعلی قیادت میں مزید تبدیلیاں رونما ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل پیٹ ہیگسٹ نے رواں سال اپریل میں اچانک امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل رینڈی جارج کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک ان کی جگہ مستقل سربراہ کے لیے کسی امیدوار کو نامزد نہیں کیا ہے۔
فی الحال جنرل کرسٹوفر لینو، جو اس سے قبل پیٹ ہیگسٹ کے سینیئر فوجی معاون کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، عارضی طور پر امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ