26 اگست، 2026، 10:15 PM

پینٹاگون میں افراتفری؛ آرمی چیف کے بعد مزید 3 اعلی افسر برطرف، نیویارک ٹائمز

پینٹاگون میں افراتفری؛ آرمی چیف کے بعد مزید 3 اعلی افسر برطرف، نیویارک ٹائمز

امریکی اخبار کے مطابق، امریکی وزیر جنگ نے آرمی چیف کے متوقع جانشین 3 اعلی فوجی افسران کو برطرف کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ ہیگسیت نے کم از کم 3 ایسے اعلیٰ فوجی افسران کو برطرف کر دیا ہے، جنہیں سابق آرمی چیف جنرل رینڈی جارج کے ممکنہ جانشینوں میں شمار کیا جا رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، جنرل رینڈی جارج کو اپریل میں بغیر کسی وضاحت کے برطرف کیے جانے کے بعد امریکی فوج کئی ماہ سے مستقل آرمی چیف سے محروم ہے۔ اس دوران چار ستارہ جنرلوں کی تعداد بھی 10 سے کم ہو کر 5 رہ گئی ہے۔

موجودہ اور سابق امریکی حکام کے مطابق، ہیگسیت کی جانب سے ممکنہ جانشینوں میں شامل کم از کم تین اعلیٰ افسران کو برطرف کیا جا چکا ہے۔ امریکی وزیرِ فوج ڈینیئل پی ڈرسکول کے بارے میں بھی توقع ہے کہ وہ آئندہ چند ماہ میں حکومت سے الگ ہو جائیں گے۔

واضح رہے یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب امریکی فوج مغربی ایشیا میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے ساتھ ساتھ یوکرائن کو فوجی امداد فراہم کرنے میں بھی مصروف ہے۔

یاد رہے پیٹریاٹ میزائلوں کے محدود ذخائر اور ایران کے کامیاب حملوں نے امریکی فوج کی تیاری اور مؤثر کمان کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔

ہیگسیت کے ناقدین کا کہنا ہے کہ تجربہ کار کمانڈروں کو ہٹانے سے امریکی فوج کمزور ہوئی ہے، تاہم امریکی فوج کا مؤقف ہے کہ ان تبدیلیوں سے اس کے مشنز اور فوجی تیاری متاثر نہیں ہوئی۔

اس وقت جنرل کرسٹوفر لینئو بیک وقت نائب آرمی چیف اور قائم مقام آرمی چیف کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، تاہم سینیٹ میں انہیں مستقل طور پر اس عہدے پر تعینات کرنے کے لیے تاحال مطلوبہ حمایت حاصل نہیں ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق، ہیگسیت اور بعض اعلیٰ فوجی کمانڈروں کے درمیان اختلافات نے فوج کے اہم تزویراتی فیصلوں کے عمل کو بھی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق، امریکی فوج اس وقت اپنی انتہائی کشیدہ عملیاتی صورتحال میں سے ایک سے گزر رہی ہے، جہاں اعلیٰ فوجی قیادت میں کمی، اندرونی اختلافات اور انتظامی خلا موجود ہے۔ یہ صورتحال مستقبل میں ایران، روس اور چین کے ڈرونز اور میزائلوں جیسے نئے خطرات کا مقابلہ کرنے کی امریکی فوج کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔

News ID 1940912

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha