مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر ان چیف جنرل احمد وحیدی نے ماہ ربیع کی آمد کے موقع پر اسلامی رزمندگان کے نام اپنے پیغام میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران جاری رہنے والی جنگ اور مزاحمت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں سپاہ پاسداران، فوج، پولیس، بسیج، غیور عشائر اور امام زمان کے گمنام سپاہیوں سمیت تمام ایرانی مجاہدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شاندار جدوجہد اور قربانیوں کی عظمت کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، کیونکہ خداوند متعال نے اپنی راہ میں جہاد کرنے والوں کو خصوصی فضیلت عطا کی ہے۔
وحیدی نے کہا کہ مجاہدین اسلام نے چھ ماہ کی بے مثال جدوجہد کے دوران انسانیت کے خونخوار دشمنوں کے مقابلے میں ایسی عظمت کا مظاہرہ کیا جس نے دنیا کو حیران کردیا اور مستضعف اقوام کے دلوں میں طاقتور قوتوں پر حتمی غلبے کی امید دوبارہ زندہ کردی۔
انہوں نے کہا کہ مجاہدین نے شدید گرمی اور بھاری نمی والے جنوبی جزائر اور ساحلی علاقوں سے لے کر شمال کی بلند سرحدی چوٹیوں کی شدید سردی تک انتہائی مشکل حالات میں دفاعی اور جارحانہ کارروائیاں انجام دیں اور شدید حملوں کے باوجود کامیاب آپریشنز کے ذریعے دنیا کی مسلح ترین فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔
سپاہ کے کمانڈر نے مزید کہا کہ اہل بیت سے توسل اور ایثار و قربانی کے جذبے کے ذریعے مجاہدین نے آٹھ سالہ دفاع مقدس کی شاندار یادوں کو نئے انداز میں زندہ کیا اور صدر اسلام میں رسول اکرم کے ساتھ بدر اور خیبر کی تاریخی جنگوں کی یاد تازہ کردی۔
جنرل وحیدی نے میدان جنگ کے انتظام اور مزاحمتی کارروائیوں میں رزمندگان کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے دعوی کیا کہ دشمن پر اپنی مرضی مسلط کرکے انہوں نے ثابت کردیا ہے کہ اسلام کو دنیا میں غالب کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ایرانی عوام کی حمایت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال کی عنایات اور ایرانی عوام کی مسلسل مزاحمت کے باعث، جنہوں نے ایک دن کے لیے بھی میدان خالی نہیں کیا، خطے کے مظلوم عوام خصوصا فلسطین اور لبنان کے دکھ اور مشکلات ختم ہونے اور خطے میں بڑی تبدیلیوں کے لیے حالات پہلے سے زیادہ سازگار ہوگئے ہیں۔
جنرل وحیدی نے اپنے پیغام کے اختتام پر ماہ ربیع کی آمد پر مجاہدین اور ان کے ان خاندانوں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اپنے بیٹوں کو میدان میں بھیجا، اور ان کے لیے اللہ تعالی کی جانب سے اجر عظیم کی دعا کی۔
آپ کا تبصرہ