13 اگست، 2026، 12:28 PM

ایران میں شمس الشموس کا سوگ؛ بارگاہ ولایت سے ایرانی قوم کا اظہار عقیدت+ویڈیوز

ایران میں شمس الشموس کا سوگ؛ بارگاہ ولایت سے ایرانی قوم کا اظہار عقیدت+ویڈیوز

امام رضا علیہ السلام کی المناک شہادت کی مناسبت سے مشہد مقدس میں ایران بھر سے لاکھوں عقیدت مندوں کی آمد، حرم رضوی میں سوگ کے اجتماعات اور خواتین نوغان کا تاریخی روایت کی یاد میں جلوس

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام علی ابن موسی رضا علیہ السلام کی المناک شہادت کے موقع پر مشہد مقدس ایک بار پھر سوگ، عقیدت اور روحانی جذبات کا مرکز بن گیا ہے۔ ایران کے مختلف علاقوں سمیت دنیا کے کئی ممالک سے زائرین جوق در جوق مشہد پہنچ رہے ہیں اور آٹھویں امام کے روضۂ اقدس میں حاضری دے کر خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

مشہد رضا میں عزاداروں کا ہجوم

ماہِ صفر کے آخری ایام اور یوم شہادتِ امام رضا علیہ السلام کی آمد کے ساتھ ہی مشہد مقدس کی فضا مکمل طور پر سوگوار اور معنوی کیفیت اختیار کر گئی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے زائرین اشک بار آنکھوں اور امام رئوف علیہ السلام کی محبت سے لبریز دلوں کے ساتھ حرم رضوی کا رخ کر رہے ہیں۔

حرمِ مطہر میں زائرین عزاداری، نوحہ خوانی اور مجالس عزا میں شریک ہو کر امام رضا علیہ السلام کی بارگاہ میں اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

محلہ نوغان کی خواتین کی تاریخی یاد تازہ

شہادت امام رضا علیہ السلام کے موقع پر مشہد کے محلہ نوغان کی خواتین نے خصوصی پروگرام ’’رستاخیزِ زنان‘‘ میں شرکت کرکے اس تاریخی واقعے کی یاد تازہ کی جس میں اس خطے کی خواتین نے امام ہشتم علیہ السلام کے جسد اطہر کی تشییع کے موقع پر اپنی عقیدت اور غم کا اظہار کیا تھا۔

یہ خصوصی پروگرام خواتینِ نوغان کی تاریخی جدوجہد اور امام رضا علیہ السلام سے ان کی گہری محبت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔

’’رستاخیزِ زنان‘‘ کا آغاز صبح خواتین کے ایک اجتماعی اجتماع سے ہوا۔ مشہد کی خواتین شہید سید حسن نصر اللہ بلیوارڈ پر حسینیہ علی اکبر نوغانی کے سامنے جمع ہوئیں اور مرثیہ خوانی و نوحہ خوانی کرتے ہوئے حرم مطہر رضوی کی جانب روانہ ہوئیں۔

سوگوار خواتین حرم رضوی میں داخل ہونے کے بعد رواق دارالمرحمت میں جمع ہوئیں اور امام رضا علیہ السلام کی شہادت کے سوگ میں منعقدہ خصوصی عزاداری پروگرام میں شرکت کی۔

حرم رضوی میں خصوصی مجلس عزاء

حرم مطہر رضوی کے شعبۂ ثقافت کی جانب سے خصوصی مجلس منعقد کی گئی، جس میں زائرین اور عزاداروں نے بھرپور شرکت کی۔

خطیب مجلس نے امام رضا علیہ السلام کی سیرت اور تاریخی کردار پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر سید علی حسینی نژاد نے مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی کی، جس سے حرم کی فضا مزید سوگوار ہوگئی اور عزاداروں نے امامِ غریب الغرباء علیہ السلام کی یاد میں پرسہ پیش کیا۔

شہادت کی صبح حرم رضوی کا روحانی منظر

شہادتِ امام رضا علیہ السلام کی صبح حرم مطہر رضوی میں زائرین کی بڑی تعداد موجود رہی۔ اشک بار آنکھوں، لبوں پر مرثیے اور دلوں میں امام رئوف علیہ السلام کی محبت لیے عقیدت مندوں نے بارگاہ رضوی میں حاضری دے کر اپنے امام کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مشہد مقدس کے یہ مناظر اس گہری روحانی وابستگی کی عکاسی کرتے ہیں جو ایران کے عوام اور دنیا بھر کے محبان اہل بیت علیہم السلام کے دلوں میں امام رضا علیہ السلام کی ذات کے ساتھ قائم ہے۔

News ID 1940659

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha