مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے مشرقی النبطیہ میں واقع اہم اسٹریٹجک پہاڑی علی الطاہر پر صہیونی حکومت کے قبضے کے دعوے کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقام اسرائیلی فوج کی کسی بھی موجودگی سے مکمل طور پر خالی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مزاحمتی کارروائیوں کے مرکزی کمانڈ روم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیلی فوج سے وابستہ سرکاری اداروں کے اس دعوے کو سختی سے جھٹلاتے ہیں کہ انہوں نے علی الطاہر پہاڑی پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ النبطیہ شہر کے مشرق میں واقع پہاڑی علی الطاہر قابض فوج کی ہر قسم کی عسکری موجودگی سے خالی ہے اور یہ تاحال مزاحمتی مجاہدین کے مکمل کنٹرول میں ہے۔
حزب اللہ کے کمانڈ روم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس کے مجاہدین دشمن کی کسی بھی پیش قدمی یا دراندازی کی کوشش کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں۔
آپ کا تبصرہ