مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یونیسکو کی 43ویں جنرل کانفرنس سمرقند میں اختتام پذیر ہوگئی، جہاں ایران کو بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوئی۔ ایران کو چار اہم ترین کمیٹیوں کا رکن منتخب کرلیا گیا، جن میں قانونی کمیٹی، انٹرنیشنل بائیوایتھکس کمیٹی (IBC)، ثقافتی املاک کی واپسی یا ضبط شدہ اشیاء کی بحالی سے متعلق بین الحکومتی کمیٹی (ICPRCP)، اور سماجی تبدیلیوں کے انتظام سے متعلق کمیٹی (MOST) شامل ہیں۔
ایران نے یہ کامیابی وزارتِ خارجہ، یونیسکو میں ایران کے مستقل مشن اور ایران کے نیشنل کمیشن برائے یونیسکو کے درمیان قریبی تعاون کی بدولت حاصل کی۔ ان چاروں کمیٹیوں میں رکنیت ملنے سے ایران کو عالمی سطح پر قانونی معیارات، حیاتیاتی اخلاقیات، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور سماجی پالیسی سازی جیسے اہم شعبوں میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ کمیٹیاں بین الاقوامی اصول طے کرنے، سائنسی مشورے، ثقافتی تنازعات میں ثالثی کرنے اور سماجی تحقیق کو پالیسی سازی سے جوڑنے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان میں شمولیت ایران کو عالمی فورمز پر ایک مضبوط، فعال اور بااثر رکن کے طور پر نمایاں کرتی ہے۔
یونیسکو کی جنرل کانفرنس تقریباً دو ہفتے جاری رہنے کے بعد 13 نومبر 2025 کو اختتام پذیر ہوئی۔
آپ کا تبصرہ