مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران عالمی دباؤ اور دھونس کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کروشیا میں عالمی اعزازات حاصل کرنے والی قومی فری اسٹائل اور گریکو رومن کشتی ٹیموں کی اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پہلوانوں کو ملک کے نوجوانوں کے لیے مثالی کردار قرار دیا اور کہا کہ آپ اپنے کردار اور رویے سے نئی نسل کے لیے نمونہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران تمام تر چیلنجز کے باوجود ثابت قدم ہے۔ دنیا ہمیں جھکانے کی کوشش کررہی ہے، لیکن ہار ماننا ہماری فطرت میں نہیں۔ ہم ایران کے لیے آخری سانس تک مزاحمت کریں گے، ہم کبھی گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔
صدر پزشکیان نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں اور رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے مقامی صلاحیتوں پر انحصار کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جب ہم اپنی صلاحیتوں سے کام لیتے ہیں تو یقینا اپنے اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔
صدر پزشکیان نے گذشتہ روز بھی اسی نوعیت کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دشمن ایران پر پابندیاں اس لیے لگا رہے ہیں کیونکہ ایران جھکنے سے انکار کرتا ہے اور ذلت قبول نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیں پست اور کم ظرف لوگوں کے سامنے جھکانا چاہتے ہیں، لیکن اس کا ہم تصور بھی نہیں کرسکتے۔ ایران اور اس کے عوام کو جھکانا ایک خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔
آپ کا تبصرہ