مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رافائل گروسی، IAEA کے ڈائریکٹر جنرل نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ معائنہ کاروں کی ایک ٹیم ایران بھیجنے کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ تہران اور یورپی طاقتیں آئندہ دنوں میں عالمی پابندیوں کے دوبارہ نافذ ہونے سے روکنے کے لیے کسی معاہدے پر پہنچ جائیں۔
گروسی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میرے، ایران، یورپی طاقتوں اور امریکہ کے درمیان بھرپور بات چیت جاری ہے تاکہ کوئی حل نکالا جا سکے۔
وقت کی محدودیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صرف چند گھنٹے یا دن ہیں تاکہ دیکھ سکیں آیا کوئی معاہدہ ممکن ہے یا نہیں؛ یہی وہ کوشش ہے جس میں سب شامل ہیں۔
گروسی نے لندن ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ایران اب بھی اپنے ایٹمی پروگرام کو آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے ایران کی مقامی ایٹمی مہارت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران کے پاس اب بھی وہ تمام اوزار موجود ہیں جو یورانیئم ذخائر کی افزودگی کے لیے سینٹرفیوژ بنانے میں درکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے اداروں کا معائنہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے، مگر 60 فیصد افزودہ یورانیئم کے ذخائر تک رسائی نہیں دی گئی۔
گروسی نے دعویٰ کیا کہ ایران اپنے 60 فیصد افزودہ یورانیئم کے ذخائر کی شدید حفاظت کر رہا ہے کیونکہ اسے لگتا ہے کہ وہ ابھی بھی مزید حملوں کے خطرے میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے یورانیئم کی افزودگی کو 90 فیصد تک بڑھانا مہینوں یا سالوں کا مسئلہ نہیں بلکہ چند ہفتوں کا معاملہ ہو سکتا ہے، حالانکہ ایران کا ایٹمی پروگرام اب پہلے جیسا مضبوط نہیں رہا۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ ایران اسے دوبارہ قائم کر سکتا ہے۔
گروسی نے اپنی اختتامی بات میں کہا کہ معائنہ کے بغیر یہ سمجھنا بہت مشکل ہوگا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کا ایٹمی پروگرام کس حد تک پیچھے چلا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ