مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے الجزائر کی درخواست پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کے سلسلے میں شام کی صورتحال پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
یہ اجلاس جمعرات کی سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا، جس کا اعلان اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار احمد نے کیا۔ اس وقت پاکستان سلامتی کونسل کی عارضی صدارت کے فرائض انجام دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صہیونی حکومت نے شام کے مختلف علاقوں پر وسیع حملے کیے، جن میں دمشق، السویدا اور لاذقیہ کے صوبے شامل ہیں۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے مجموعی طور پر 160 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔
شامی وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ ان حملوں میں دمشق میں تین افراد شہید اور 28 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سلامتی کونسل کے اس ہنگامی اجلاس میں ممکنہ طور پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور شام کی خودمختاری کی حمایت سے متعلق قرارداد پر بحث کی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ