مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مؤمنی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران خود کو پاکستانی زائرین کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا پابند اور ان کی خدمت کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی ہم منصب سید محسن نقوی کے تہران پہنچنے پر استقبال کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، ایران اور عراق کے درمیان وزرائے داخلہ کی سہ فریقی ملاقات کا مقصد اربعین کے موقع پر زائرین کی آمد و رفت کو بہتر اور آسان بنانا ہے۔ اس موقع پر سرحدی تعاون اور سیکیورٹی جیسے اہم مسائل پر بھی بات چیت ہوگی تاکہ زائرین کو ایک محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کیا جاسکے۔
اسکندر مؤمنی نے کہا کہ ہر سال پاکستانی زائرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایران ان کے لیے مکمل تعاون اور بہتر میزبانی کو اپنی ذمہ داری اور اعزاز سمجھتا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے بھی ایران آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی زائرین ایران کے راستے عراق جاتے ہیں، اس لیے سرحدی سیکیورٹی اور زائرین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے اجلاس کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
12:07 - 2025/07/14
آپ کا تبصرہ