مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے جوہری توانائی ادارے نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی تازہ ترین رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ میں جوہری پروگرام کے فوجی مقاصد سے متعلق کسی قابلِ اعتبار ثبوت کی عدم موجودگی ایران کے جوہری پروگرام کی پُرامن نوعیت کا ثبوت ہے۔
یہ وضاحتی بیان اس وقت سامنے آیا جب IAEA کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کی جانب سے بورڈ آف گورنرز کو جمع کرائی گئی رپورٹ منظرِ عام پر آئی۔
اگرچہ رپورٹ میں ایران پر تین غیر اعلانیہ مقامات پر جوہری سرگرمیوں کی اطلاع نہ دینے اور 60 فیصد تک افزودہ یورینیم کے ذخائر پر تشویش کا اظہار کیا گیا، تاہم اس میں کسی ایسے شواہد کی نشاندہی نہیں کی گئی جو ایران کے جوہری پروگرام کو عسکری مقاصد سے جوڑتے ہوں۔
ایران کے جوہری توانائی ادارے نے واضح کیا کہ رپورٹ میں اس بات کی کوئی دلیل موجود نہیں کہ ایران کے اقدامات پھیلاؤ کے خطرے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یہ بات ایک بار پھر ثابت ہو گئی ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران ایجنسی کے ساتھ معمول کے حفاظتی اقدامات کے نفاذ کے ضمن میں مکمل تعاون کر رہا ہے اور ایجنسی ایران کے ایندھن کے چکر اور سرگرمیوں کی مناسبت سے وسیع تصدیقی عمل انجام دے رہی ہے۔
ایران نے عالمی ادارے سے مطالبہ کیا کہ وہ صرف معتبر، تصدیق شدہ اور غیر متنازع ذرائع پر انحصار کرے تاکہ اس کی غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ ساکھ برقرار رہ سکے۔ ایران کے مطابق غیر مصدقہ اوپن سورس معلومات یا ایسے فریق کے فراہم کردہ مواد پر انحصار ایجنسی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
ایران نے واضح کیا کہ 60 فیصد یورینیم کی افزودگی NPT کے تحت ممنوع نہیں اور یہ سرگرمی مکمل طور پر IAEA کی نگرانی اور تصدیق کے دائرے میں انجام پا رہی ہے۔
ایران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس کی تمام جوہری سرگرمیوں کی مکمل طور پر ایجنسی کو رپورٹ دی گئی ہے اور ان کی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایران نے ماضی میں بھی IAEA کی بعض رپورٹس کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اور متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی سیاسی دباؤ پر مبنی اقدام ایران اور IAEA کے درمیان تعاون کو متاثر کرسکتا ہے۔
آئی اے ای اےکی اس رپورٹ سے یہ تاثر ایک با پھر ابھرا ہے کہ بعض مغربی حلقوں کی جانب سے ایرانی جوہری سرگرمیوں کو مشکوک بنانے کی کوششوں کے باوجود ایران کا جوہری پروگرام عالمی معاہدوں اور ضوابط کے اندر رہتے ہوئے بنیادی طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
آپ کا تبصرہ