مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کی میڈیا کمیٹی کے سربراہ شیخ اخضر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران شہید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی تدفین کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس تقریب کی کوریج کے لیے مختلف ممالک سے کم از کم 30 میڈیا ٹیمیں شرکت کریں گی۔
شیخ اخضر نے مزید کہا کہ حزب اللہ غاصب صیہونی رژیم کی دھمکیوں اور جارحیت کی پرواہ کئے بغیر آئندہ اتوار (23 فروری) کو شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ ادا کرے گی۔
انہوں نے تاکید کی کہ جنازے کی تقریب باضابطہ طور پر بیروت کے مقامی وقت کے مطابق صبح 9:00 بجے شروع ہوگی اور اسی دن شام 30 :5 بجے تک جاری رہے گی اور اس دوران مختلف ذرائع ابلاغ کی جانب سے تقریب کی براہ راست کوریج کے لئے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
شیخ اخضر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایرانی طیاروں کی لینڈنگ روکنے کے لیے اسرائیل کی درخواست پر لگائی گئی پابندیاں شرکاء کی حاضری کو متاثر کر سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ایرانیوں کی ایک بڑی تعداد لبنان میں موجود ہے اور ہم آنے والے دنوں میں ان کی شاندار موجودگی کا مشاہدہ کریں گے اور نماز جنازہ میں ایران کی کئی اعلی شخصیات شریک ہوں گی۔
حزب اللہ کی میڈیا کمیٹی کے سربراہ نے تمام لبنانی عوام کے ساتھ ساتھ عرب اور اسلامی اقوام اور دنیا کے آزاد لوگوں سے اس عظیم الشان تشییع جنازہ میں شرکت کی اپیل کی۔
آپ کا تبصرہ