مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاراچنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ سے 42 شیعہ مسلمان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ضلع کرم لوئر کے علاقے بگن اور اوچت میں سکیورٹی فورسز کی سربراہی میں جانے والے کانوائے میں شامل مسافر گاڑیوں پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مل کر مقامی مسلح دہشتگردوں نے حملہ کیا۔
کانوائے پاراچنار سے پشاور جا رہا تھا کہ قافلے میں شامل مسافر گاڑیوں کو پہاڑوں سے نشانہ بنایا گیا۔ گاڑیوں پر خودکار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں خاتون سمیت 42 شیعہ مسلمان شامل ہیں، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سکیورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
آپ کا تبصرہ