مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں ایرانی سفیر نے کوئٹہ شہر کے ریلوے سٹیشن پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے خطے کو شدید خطرہ لاحق ہے جس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
رضا امیری مقدم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ میں کوئٹہ شہر میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہوں کہ جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ اور نہتے شہریوں سمیت متعدد سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
ایرانی سفیر نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کا رجحان خطے کے لیے ایک مشترکہ خطرہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ، علاقائی اور اجتماعی تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام بالخصوص اس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس ناقابل تلافی نقصان پر صبر و استقامت عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ آج کوئٹہ شہر میں ایک ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 26 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
پاکستان اپنے شمال مغرب میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافے اور جنوب میں بڑھتی ہوئی علیحدگی پسند شورش سے دوچار ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد بلوچ نے کہا کہ یہ دھماکہ ریلوے اسٹیشن کے اندر اس وقت ہوا جب پشاور جانے والی ایکسپریس اپنی منزل کی طرف روانہ ہونے والی تھی۔" دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
آپ کا تبصرہ