مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان کی حزب اللہ نے ایک بیان جاری کر کے ایران پر صیہونی حکومت کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صیہونیوں کی بزدلانہ جارحیت کی پرزور مذمت کرتی ہے اور اس جارحیت کو پورے خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خطرناک اقدام سمجھتی ہے۔
لبنان کی حزب اللہ نے کہا کہ یہ حملہ قابض رجیم کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے، ایک ایسی رجیم جو امریکہ کی مکمل حمایت سے وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کرتی ہے۔ لہذا امریکہ اس حکومت کے جرائم کے ساتھ شریک اور مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارا یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی خودمختاری پر اس کھلی جارحیت سے ایران کا فلسطین اور لبنان کی حمایت پر مبنی موقف کسی صورت متاثر نہیں ہو گا۔
لبنان کی حزب اللہ نے کہا کہ ہم اس بزدلانہ حملے سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے میں ایرانی مسلح افواج کی کامیابی کو سراہتے ہیں اور راہ قدس پر ایرانیوں کی شہادت پر اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت اور معزز قوم کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ زخمیوں کو جلد صحت یابی جب کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو فتح و استحکام عطا فرمائے۔
آپ کا تبصرہ