مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے بعد نیویارک سے تہران واپس پہنچ گئے ہیں۔
تہران واپسی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ نیویارک میں مختلف ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں اور فلسطین اور لبنان کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں اسلامی ممالک کا اجلاس ہوگا جس میں صہیونی حکومت کے حملوں کی مذمت کے ساتھ کچھ فیصلے کئے جائیں گے۔
صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ یورپی رہنماوں سے گفتگو کے دوران ہم نے زور دیا کہ امریکہ کو مسئلہ فلسطین حل کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ نتن یاہو انسان کے بھی لائق نہیں ہیں۔ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ان مسائل کے بارے میں سب نے اظہار خیال کیا لیکن صرف زبانی اظہار ہمدردی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملکوں میں معمولی واقعہ رونما ہوجائے تو زمین اور آسمان کو سر پر اٹھاتے ہیں لیکن صہیونی حکومت کے ہاتھوں ہزاروں فلسطینیوں کے قتل پر سب خاموش ہیں بلکہ عذر پیش کرتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ