مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کا سب سے اہم میچ آج نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس ایک مقابلے کی کمائی ہی پورے ٹورنامنٹ پر بھاری ہوتی ہے۔
اب پلیئرز کے پاس کھویا ہوا وقار واپس پانے کا آخری موقع ہے،اگر بھارت کو ہرا دیا تو شائقین بھی تمام غلطیاں معاف کر دیں گے،البتہ شکست کی صورت میں نہ صرف ان کے عتاب کا شکار ہونا پڑے گا بلکہ ورلڈکپ میں سفر بھی تقریبا ختم ہی ہو جائے گا، اس دباؤ کو سر پر سوار کیے ٹیم روایتی حریف کیخلاف میچ میں حصہ لے گی۔
روایتی حریفوں کے میچ کیلیے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شائقین میں خاصا جوش وخروش پایا جاتا ہے، بیشتر ٹکٹس ہاتھوں ہاتھ بک گئے تھے، اب بلیک میں ہزاروں ڈالرز میں فروخت جاری ہے، صرف چند مہنگے ترین ٹکٹس ہی چند روز قبل تک دستیاب تھے۔
نیویارک میں آج بارش کی بھی پیشگوئی ہے لیکن ایسے بھی حالات نہیں لگتے کہ میچ ہی نہ ہو سکے، دھمکیاں ملنے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کی جا چکی، میچ کے دوران امریکا میں مقیم پاکستانی اور بھارتی تارکین وطن اپنی ٹیموں کو گھر جیسا ماحول ہی فراہم کریں گے۔
آپ کا تبصرہ