مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی شہاب نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے گذشتہ رات رفح شہر کے پناہ گزین کیمپ پر ڈھائے گئے مظالم اور وحشیانہ جرائم کی شدید مذمت کی ہے۔
اس بیان میں رفح کے خلاف حملوں کو روکنے کے لیے اسرائیلی قابض فوج پر عالمی عدالت انصاف کے حکم کی پابندی پر زور دیا گیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں پناہ گزینوں کی اس آخری پناہ گاہ کے خلاف اجتماعی نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کرے۔
اس بیان میں فلسطین کاز اور فلسطینی قوم کے جائز حقوق کے حوالے سے قطر کے ٹھوس موقف پر زور دیتے ہوئے صیہونی حکومت کے حملے کو ثالثوں کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے اور غزہ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے عمل میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ادھر فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے نمائندے نے گذشتہ رات رفح شہر میں فلسطینی پناہ گزینوں کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے، کہا کہ اسرائیلی فوج نے رفح پر حملے کئے جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی پناہ گزین جل گئے۔
قبل ازیں غزہ کے شہری دفاع کی تنظیم کے عہدیداروں نے الجزیرہ کو بتایا: گذشتہ رات رفح شہر پر صیہونی حکومت کا حملہ ایک وحشیانہ قتل عام تھا۔ ہم نے ان وحشیانہ حملوں کے دوران بڑی تعداد میں بے گناہ فلسطینیوں کے جسم کے ٹکڑے بکھرتے دیکھے اور بعض کے جسم بہت زیادہ جھلس گئے ہیں۔
مذکورہ فلسطینی ادارے کے اہلکاروں نے تاکید کی: اس وحشیانہ قتل میں بڑی تعداد میں فلسطینی خواتین اور بچے شہید ہوئے۔ صہیونی فوجیوں نے ان علاقوں کو نشانہ بنایا جنہیں انہوں نے مہاجرین کے لئے محفوظ جگہوں کے طور پر اعلان کیا تھا۔
آپ کا تبصرہ