4 جون، 2023، 1:04 PM

ٹرین حادثہ انتہائی سنگین تھا، ممکنہ قصوروار کو بخشا نہیں جائے گا، بھارتی وزیر اعظم

ٹرین حادثہ انتہائی سنگین تھا، ممکنہ قصوروار کو بخشا نہیں جائے گا، بھارتی وزیر اعظم

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں ہولناک ٹرین حادثے کے مقام پر امدادی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد حادثے کو انتہائی سنگین قرار دیا اور کہا کہ قصوروار اگر کوئی پایا گیا تو اُسے بخشا نہیں جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈٖیا سے نقل کیا ہے کہ اس موقع پر ان کے ساتھ ریلوے کے وزیر اَشوِنی ویشنَو اور ریلوے اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم مودی نے اس ہولناک سانحے سے نمٹنے اور اس کے مصائب کو کم کرنے کے لیے پوری حکومتی مشینری کے جامع انداز اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے المناک ٹرین حادثے کو 'انتہائی سنگین' قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے اور جو بھی جانچ میں قصوروارپایا جائے گا اسے بخشا نہیں جائے گا۔

جائے حادثہ پر امدادی کاموں کا جائزہ لینے اور اسپتال میں داخل زخمیوں سے ملاقات کے بعد بالاسور میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ اس حادثے سے سبق سیکھ کر شہریوں کی حفاظت کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا۔ مودی نے وہاں کے کابینہ سکریٹری اور وزیر صحت سے بھی بات کی اور انہیں زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر اعظم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ سوگوار خاندانوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور متاثرہ افراد کو جلد از جلد ضروری امداد فراہم کی جائے۔

یاد رہے کہ ہندوستان کی ریاست اوڈیشہ میں جمعے کی شام ایک المناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس میں ایک مسافر ٹرین کی ایک مال گاڑی سے ٹکر ہوگئی۔ اب تک کم از کم دوسو اکسٹھ اموات کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی سنگینی کے پیش نظر میں ملک میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

News ID 1916956

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha